اسلام آباد(کامرس رپورٹر) غذائی اشیائ کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر24.40 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک اورپی بی ایس کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے نومبر2023 تک کی مدت میں غذائی اشیائ کی درآمدات پر2.929 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.40 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں غذائی اشیائ کی درآمدات پر3.638 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔نومبرمیں غذائی اشیاکی درآمدات پر656.75 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجواکتوبرمیں 576.65 ملین ڈالراورگزشتہ سال نومبرمیں 658.57 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں غذائی اشیا کی درآمدات کاحجم 7.965 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں گندم کی درآمدات پر114.40 ملین ڈالر، ڈرائی فروٹس 7.614 ملین ڈالر، چائے 306.85 ملین ڈالر، مصالحہ جات 24.258 ملین ڈالر، سویابین آئل 75.12 ملین ڈالر، پام آئل 1.136 ارب ڈالر، دالیں 305.10 ملین ڈالر اورمتفرق اشیا ئ کی درآمدات پر857.12 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا۔