مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)
بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی، انسانی زندگیوں پر اس کے اثرات، توانائی کے متبادل ماحول دوست قدرتی ذرائع کو متعارف کروانے، دیہی اور شہری زندگی کا تقابلی جائزہ لینے سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے منفرد ماڈلز تیار کر کے طلبہ نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ۔سویرا ماڈل سکول کے طلبہ کے تیار ماڈلز اور دیگر فن پاروں کی دیکھنے والوں نے بھرپور داد دی
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں طویل عرصے سے تعلیمی میدان میں خدمات انجام دینے والے ادارے سویرا ماڈل سکول میں ایک منفرد نمائش کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں سکول میں زیر تعلیم بچوں اور بچیوں نے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ خوبصورت اور دیدہ زیب ماڈلز تیار کر کے خوب داد وصول کی ۔ طلبہ نے نمائش میں آنے والوں کو ان ماڈلز کے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی، بچوں کے پراعتماد انداز نے سب کو بہت متاثر کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سکول انتظامیہ اور والدین کا کہنا تھا بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو بیدار کرنے اور انھیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنے کے لئے اس طرح کی نمائش اہم سنگ میل ثابت ہو گی، جس میں بچوں نے مسائل کی مثبت انداز میں نشاندہی کے ساتھ اس کے حل پر بھی زور دیا ہے ۔ بچوں نے آلودگی کی مختلف اقسام کو ماڈلز کے ذریعے اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انسانی زندگیوں پر اس کے منفی اثرات پر بھی گفتگو کی ۔ بچوں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ بہتر اور محفوظ مستقبل کے خواہاں ہیں تاکہ اس خوبصورت زمین اور اس کے اندر موجود قدرتی وسائل کے دانشمندنہ استعمال کے ذریعے اسے احسن طریقے سے آینده آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جا سکے