اسلام آباد( کورٹ رپورٹر )
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےلیے کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع کردیا اور ملک بھر کے آر او دفاتر میں پبلک نوٹس لگا دیے گئے ہیں۔ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے کاغذات نامزدگی کا اجرا کیا جارہا ہے، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کےکاغذات نامزدگی کا اجرا بھی شروع کردیا گیا ہے، امیدوارکاغذات نامزدگی متعلقہ آر او اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس سے لے سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 100 روپے فیس ادا کرکے حاصل کیے جاسکتے ہیں اور کاغذات نامزدگی20 تا 22 دسمبر متعلقہ آر او آفس میں جمع کرانا ہوں گے، سیاسی جماعتیں 22 دسمبرتک مخصوص نشستوں کی امیدواروں کی ترجیحی فہرست متعلقہ آر او آفس کو فراہم کریں۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 تا 30 دسمبر ہوگی اور اعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے جب کہ کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی۔امیدواروں کی نظر ثانی فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی، 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے جب کہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔ دوسری جانب 2018 کے مقابلے میں 2024 کے عام انتخابات کے لیے 2 کروڑ 26 لاکھ 30 ہزار 351 ووٹرز کا اضافہ ہو گیا ہے، ملک میں ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہوگئی ہے۔2018 کے الیکشن میں ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 تھی، مرد ووٹرز کی شرح 53.87 فیصد اور خواتین ووٹرز کی شرح 46.13 فیصد ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 ہے۔