راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور بشر بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔ سپریٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے آج بھی بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا جبکہ سپریٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا کہ عدالت محسوس کرتی ہے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف مقدمے کا ٹرائل محفوظ مقام پر کیا جانا چاہیے اور وفاقی حکومت اڈیالہ جیل سمیت کسی بھی محفوظ مقام کو ٹرائل کیلئے مختص کر سکتی ہے۔ عدالت نے مزید لکھا کہ مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی آئندہ سماعت وفاقی حکومت کی جانب سے مختص کیے گئے مقام پر ہوگی اور ساتھ ہی بشریٰ بی بی کا ٹرائل الگ سے نہیں چلایا جا سکتا لہذا ان کا ٹرائل بھی جیل ٹرائل ہوگا۔ عدالت یہ واضح کرتی ہے کہ جہاں بھی ٹرائل ہوگا وہ اوپن ٹرائل ہوگا۔ بشریٰ بی بی کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔ آئندہ سماعت کے لیے عدالت نے حکم دیا کہ بشریٰ بی بی ہر صورت عدالت میں پیش ہوں اور استثنیٰ کی درخواست منظور نہیں کی جائے گی۔ مزید سماعت ملتوی کر دی گئی۔