غزہ (نیٹ نیوز) اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں ایک چھاپا مار کارروائی کے دوران اندھا دھند فائرنگ کرکے 4 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے ساتھ ساتھ مغربی کنارے میں بھی اپنی جارحیت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور سرچ آپریشن کی آڑ میں نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔تازہ کارروائی میں اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے رفاہ کیمپ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی اور اس دوران 17 سالہ راشد حبیب، 17 سالہ سمیر محمد، 20 سالہ یزان الخطیب اور 24 سالہ حکمت سمیر کو شہید کردیا۔ واضع رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے جلبانہ پناہ گزین کیمپ پر بھی وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 90 فلسطینی شہید ہوگئے۔