لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کوئی سیاسی جماعت اس وقت پیپلز پارٹی کی مخالف نہیں، سیاسی جماعتوں کے دروازے بات چیت کےلیے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری حکومت بنے گی تو سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہمارا مقابلہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری سے ہے، اس وقت مہنگائی، غربت اور بیروزگاری عروج پر ہے، نوجوانوں، مزدوروں کو ریلیف دینے کےلیے پروگرام شروع کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں اتنا بڑا معاشی بحران نہیں آیا، ہمیں نوجوانوں کو سمجھانا پڑے گا ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن ضیا اور مشرف کی آمریت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے، میاں صاحب کا پہلا دور حکومت بھی کسی آمریت سے کم نہیں تھا۔ الیکشن میں لیول پلینگ فیلڈ ملی سرپرائز دیں گے ،پی پی کی جب بھی حکومت آئی تو بیروزگاری ،مہنگائی اور غربت کا خاتمہ کیا،لاہور پہنچ کر بہت اچھا لگا ،پیپلزپارٹی کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کےلئے کھلے ہیں اگرہماری حکومت بنتی ہے تو ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ، ملک اس وقت سخت معاشی بحران کا شکار ہے، ہمیں نفرت کی سیاست کو ختم کرکے محبت اور امن کی بات کرنی ہو گی۔