کراچی (نمائندہ خصوصی)
کراچی سے لاہور جاکر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی نے قرآن سر پر رکھ کر کہا کہ انہوں نے کبھی اپنی بیٹی کو اس کے کزن زین کے ساتھ شادی کے لیے مجبور نہیں کیا۔سوشل میڈیا پر دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ سر پر قرآن پاک رکھے اپنی بیٹی کی اس کے کزن کے ساتھ شادی کے حوالے سے بات کر رہے ہیں۔مہدی کاظمی نے کہا کہ دعا نے کبھی گھر میں کسی ظہیر کے حوالے کوئی بات نہیں کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں ابھی بھی اپنی بیٹی اور زین کی شادی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، اگر میں جھوٹ بول رہا ہوں تو اللہ کا قہر مجھ پر ابھی نازل ہوجائے اور میرے اس کرسی سے اٹھنے کی نوبت ہی نہ آئے۔دعا کے والد نے یہ بھی کہا کہ میں نے کبھی اپنی بیٹی پر ہاتھ نہیں اٹھایا، ہاں کبھی ڈانٹ دیتا تھا جیسے والدین بچوں کو ڈانتے ہیں لیکن کبھی کوئی ظلم نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ وہ اب بھی دعا اور ظہیر کی شادی کو پسند کی شادی نہیں مانتے، اس کے پیچھے کوئی اور وجہ ہے کیونکہ دعا نے کبھی گھر میں ایسی کوئی بات نہیں کی تھی۔خیال رہے کہ دعا نے اپنے انٹرویو میں والد پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ پلاٹ کے لالچ میں دعا کی شادی اس کے تایا کے بیٹے زین سے کروانا چاہتے تھے