پشاور (نمائندہ خصوصی) خیبرپختونخوا کے 2اضلاع میں دہشت گردوں کے حملوں کے نتیجے میں4سکیورٹی اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں عسکریت پسندوں نے پولیس اور فرنٹیئر کانسٹبلری کی مشترکہ چیک پوسٹ پر رات کے وقت حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور 6زخمی ہوگئے،دہشت گردوں نے حملے کے دوران دستی بم سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔زخمیوں کو طبی امداد کیلئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کردیا گیا،شہدا میں نائیک مراد اور سپاہی غفار شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں نائب صوبیدار شفیع الرحمن، سپاہی شفیع اللہ،الیاس، صدام، لقمان اور ایک پولیس اہلکار طارق شامل ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کے تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، زخمیوں کو نیروسرجری، سرجیکل اور آرتھو پیڈک وارڈزمیں داخل کیاگیا۔حکام کے مطابق جوابی کارروائی میں عسکریت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ دوسری جانب ٹانک میں بھی دہشت گردوں نے ڈیرہ روڈ پر واقع پولیس لائن پر حملہ کیا۔پولیس کے مطابق حملے میں 2پولیس اہلکار شہید اور 2زخمی ہوئے ہیں جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی سے ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔پولیس نے بتایا کہ دہشتگردوں نے حملہ رات 3بجے کے قریب کیا،دہشت گردوں نے پولیس لائن میں داخل ہوتے ہی چار دستی بم پھینکے اور ایک خودکش حملہ اور نے خود کو دھماکے سے اڑادیا، خودکش دھماکے سے پولیس لائن کی چھت پر موجود دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے، حملے کے بعد ڈیرہ روڈ کو ٹریفک کیلئے بندکر کے دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، حملے کی ذمہ داری انصار الجہاد نامی تنظیم نے قبول کرلی ہے۔