اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) نگران وزیراطلاعات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے، ڈی آر اوز کی تعیناتیاں الیکشن کمیشن نے کی ہیں اگر کہیں پر متنازعہ افسران کی تعیناتی ہوئی ہے تو اس کی ذمہ داری بھی الیکشن کمیشن پر عائد ہوتی ہے انہوں نے کہاکہ میڈیا سمیت کسی بھی فورم پر سیاسی جماعتوں پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے۔جمعہ کے روز الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عام انتخابات 8فروری 2024کوہوں گے انہو ں نے کہا کہ ڈی آراوزاورآراوزکی تعیناتیاں معطل ہونے سے انتخابی شیڈول پر کیا اثر پڑے گا اس حوالے سے الیکشن کمیشن کااپناترجمان موجودہے وہی اس کاجواب دے گا اور میرا خیال ہے کہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق اپنا لائحہ عمل طے کرے گا انہوں نے کہاکہ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن واحد آئینی ادارہ ہے نگران حکومت الیکشن کمیشن سے بازپرس نہیں کرسکتی ہے ہم انکے نگران نہیں بلکہ الیکشن کمیشن ہماری نگرانی کرتاہے اور ہم ان کو جواب دہ ہیں ایک سوال کے جواب میں نگران وزیر اطلاعات و پارلیمانی امور نے کہاکہ سب کومعلوم ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرکی تعیناتی نگران حکومت نہیں بلکہ الیکشن کمیشن خودکرتاہے اگر کسی جگہ پر متنازعہ افسران کوالیکشن کمیشن نے تعینات کیاہے اس کاجواب الیکشن کمیشن ہی دے سکتا ہے حکومت اس طرح کی تعیناتی کرنے کا اختیار نہیں رکھتی ہے انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت آئین کی حکمرانی ہے اور آئین میں میڈیا پر پابندی کی اجازت نہیں ہے انہوں نے کہاکہ حکومت میڈیاپرپابندی نہیں لگارہی ہے اورسرکاری ٹی وی پرتمام رجسٹرڈسیاسی پارٹیوں کویکساں کوریج دے رہی ہے اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے لیول پلئینگ فیلڈ نہ ملنے کے حوالے سے صحافی کے سوال پر نگران وزیر نے کہاکہ جس ملک کے اندر میڈیا کی اور سیاسی آزادی ہے اس ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کوتنقیدکرنے کااختیار ہے۔