اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کی سماعت میں عدالت نے آئندہ سماعت پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا۔ سینئر سول جج قدرت اللہ نے مختصر سماعت کی اور ایک صفحہ پر مشتمل سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ جس میں حکم دیا گیا کہ بشری بی بی کی ایک روزہ حاضری سے استثنی کو منظور کیاجاتاہے۔ جبکہ آئندہ حاضری کو یقینی بنانے کیلئے حکم دیا کہ بشری بی بی بطور ضمانت پچاس ہزار روپے مالیت کے ذاتی مچلکے جمع کرائیں۔ مزید تحریری حکم میں لکھا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سکائپ کے ذریعے حاضری تکنیکی وجوہات کی وجہ سے نہ ہوسکی۔ جیل سپریٹنڈنٹ آئندہ سماعت پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری کو یقینی بنائیں ۔