کراچی (نمائندہ خصوصی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے تاریخی ورثے کو آنے والی نسلوں کے لئے برقرار رکھتی ہیں، کراچی کی تاریخی عمارات کو ان کی اصل حالت میں رکھنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں، تاریخی عمارات کے ڈیزائن، اسٹرکچر اور ایلیویشن میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی جو عمارات کے ایم سی کی ملکیت ہیں ان کی حفاظت اور تزئین و آرائش کا انتظام کررہے ہیں، ڈینسو ہال میں لائبریری کے ساتھ ساتھ کراچی میوزیم قائم کیا جائے گا،جو قومیں اپنی تاریخ کو یاد رکھتی ہیں وہی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رہتی ہیں،یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز ایم اے جناح روڈ پر واقع کراچی کی تاریخی عمارت خالق دینا ہال اور ڈینسو ہال کا دورہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی،پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے جنرل سیکریٹری دل محمد،سابق ایڈمنسٹریٹر فہیم الزماں صدیقی،سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سیف عباس حسنی،دریہ قاضی اور دیگر بھی موجود تھے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی تاریخی عمارات کے لحاظ سے شاندار ماضی کا حامل ہے، کراچی کے تاریخی ورثے کی حفاظت انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ڈینسو ہال میں کراچی میوزیم کے قیام سے متعلق کے ایم سی کونسل نے قرارداد کے ذریعے منظوری دے دی ہے،اس میوزیم میں کراچی کی تاریخ، تہذیب، ثقافت سے متعلق نادر اشیائ ،نقشہ جات اور تصاویر رکھی جائیں گی تاکہ تاریخی محققین، طالب علموں اور دیگر شہریوں کو اپنے شہر کی تاریخ سے آگاہی حاصل ہوسکے، انہوں نے کہا کہ ڈینسو ہال کے اطراف ماضی میں کچھ کام ہوا ہے اور یہاں سے تجاوزات ہٹائی گئی ہیں تاہم اس جگہ کو خوبصورت اور قابل رسائی بنانے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے، خالق دینا ہال کے دورے کے موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خالق دینا ہال کے کمروں میں لوہے کے حفاظتی دروازے لگانے کا سختی سے نوٹس لیا اور انہیں فوری ہٹانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تاریخی عمارات اس شہر کی پہچان ہوتی ہیں اور اس قسم کی عمارتوں کے ڈیزائن میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔