لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی توشہ خانہ میں نااہلی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لئے مقرر کر دیں۔جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ آج (بروز جمعہ) درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شمس محمود، جسٹس شاہد کریم، جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس جواد حسن شامل ہوں گے۔لارجر بنچ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کرانے کے حکم کے خلاف بھی درخواست پر سماعت کرے گا۔بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں 5 سال نااہلی کے خلاف درخواست بیرسٹرعلی ظفر، بیرسٹرگوہر کے توسط سے دائر کر رکھی ہے ۔درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگرکو فریق بنایا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزارسابق وزیراعظم اور بڑی سیاسی جماعت کا بانی ہے، توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن نےدرخواست گزارکونااہل قراردیا، الیکشن کمیشن نے اختیار نہ ہونے کے باوجود غیر آئینی،غیر قانونی طور پر نااہل کیا۔درخواست میں کہنا ہے کہ درخواست گزار اورجماعت کو الیکشن سے باہر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے جس کا کام صاف شفاف الیکشن کرانا ہے، الیکشن کمیشن نے 8اگست کونااہلی کا نوٹیفکیشن خلاف آئین وقانون جاری کیا۔بانی پی ٹی آئی نے استدعا کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کے جاری نااہلی کے نوٹیفکیشن کو غیر آئینی قرار دے اور کیس کے فیصلے تک نوٹیفکیشن معطل کرے۔