اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پنجاب میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے یورپی یونین پاکستان کو 179 ملین یورو فراہم کرے گی، یہ رقم لاہور اور فیصل آباد میں پانی اور سینی ٹیشن کی سروسز کی بہتری پر خرچ ہوگی۔یورپی یونین کی جانب سے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے گرانٹ کے معاہدے کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا اور اے ایف ڈی کی ڈپٹی ڈائریکٹر جیولی مراساوڈن نے دستخط کیے۔منصوبے کے تحت پاکستان کو 179 ملین یورو دیئے جائیں گے، 12 ملین گرانٹ جبکہ 167 ملین قرض اور دیگر مد میں دیئے جائیں گے، رقم لاہور اور فیصل آباد میں پانی اور سینیٹیشن کی سروسز کی بہتری پر خرچ ہوگی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ممالک میں شامل ہے، رقم پنجاب کے دو شہروں میں سروسز کی بہتری کیلئے خرچ ہوگی، لاہور اور فیصل آباد میں پانی اور سینیٹیشن کی سروسز میں بہتری لائی جائیگی، پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے اقدامات بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا رقم سے موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے پاکستان کی مدد ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ان دو شہروں میں پانی کی مقدار قیام پاکستان سے 5 فیصد کم ہوگئی، ہمیں پانی کو بڑی احتیاط سے استعمال کرنا ہوگا، اس گرانٹ سے لاہور اور فیصل آباد کے لوگوں کی معیار زندگی بلند ہوگا۔اس موقع پر فرنچ ایجنسی کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنا فرانس کی ترجیحات میں شامل ہے، اے ایف ڈی کی 97 فیصد گرانٹ موسمیاتی تبدیلیوں پر خرچ ہوتی ہے، پانی کی ٹریٹمنٹ اور واٹر گورننس میں بہتری لائی جائے گی، ان دو شعبوں میں پاکستان کو ٹیکنیکل سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔