کراچی (بیورو رپورٹ ) پاکستان مسلم لیگ ن کی سندھ میں بڑی کامیابی، ضلع دادو کی مشہور سیاسی شخصیت سردار یاسر خان ببر نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی،ضلع دادود کی ببر برادری کا ووٹ قومی و صوبائی اسمبلی کی نشست کا فیصلہ کرتا ہے، پیپلز پارٹی ضلع دادو کے رہنما سر دار یاسر خان ببر نے مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن کی دعوت پر اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی، مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن اور سابق ایم این اے و ن لیگی رہنما کھیل داس کوہستانی سے ملاقات میں بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سردار یاسر خان ببر نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف ہی ملک کو موجود ہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں ، میاں نوازشریف سندھ کی عوام کی امیدوں کا مرکز بن چکے ہیں ، سندھ کی خوشحالی اور حلقے کی عوام کے لیئے یہ فیصلہ لینا بہت ضرور ی تھا ، ضلع دادو میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیئے کام کریں گے، بہت جلد ضلع دادو میں ن لیگ کا ورکرز کنونشن بھی بلوایا جائےگا، انہوں نے کہا کہ اپنے حلقے کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیئے یہ فیصلہ لیا ہے ، میرا مقصد حلقے کے لوگوں کی مشکلات کا خاتمہ ہے ، ببر برادری کے ووٹوں سے قومی اور صوبائی اسمبلی میں جانے والے پیپلزپارٹی کے لوگوں نے ببر برادری کے علاقوں میں کوئی کام نہیں کروایا، اپنے علاقے کے لوگوں کے لیئے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ، مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے سندھ کی خوشحالی اور ترقی کے لیئے اپنا کردار ادا کروں گا، ضلع دادو کی تباہی کی ذمہ داری پیپلز پارٹی کے لوکل عہدیداران بالخصوص رفیق جمالی ہیں جنہوں نے ضلع دادو کے لوگوں کو مایوسیوں اور دھکوں کے سوا کچھ نہیں دیا، انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مسلم لیگ ن سندھ میں صوبائی صدر بشیر میمن کی قیادت میں مضبو ط ہورہی ہے اور صوبہ سندھ سے لوگ ن لیگ میں بڑی تعداد میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ، سندھ کے لوگ صرف اپنے صوبے کی بہتری اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے خواہاں ہیں بنیادی سہولتیں اور یکساں حقوق ہر شہری کا حق ہے جس سے سندھ کے لوگ آج تک محروم ہیں ، ان محرومیوں کے خاتمے کے لیئے اپنا کردار ادا کروں گا، واضح رہے کہ سردار یاسر ببر نے پی ایس 83سے صوبائی اسمبلی کے لیئے ٹکٹ کی درخواست بھی جمع کروادی ہے، شیر محمد ببر عرف یاسر خان ببر تحصیل جوہی ضلع دادو سے ن لیگ کے متوقع امیدوار بھی بن گئے ہیں ، جس نے ضلع دادو کی سیاست میں ہلچل مچادی ہے ، سردار یاسر خان ببر کے مسلم لیگ ن میں شمولیت کے بعد ضلع دادو میں ن لیگ کی پوزیشن مستحکم اور مستقبل میں مزید مضبوط ہو گی ۔