کراچی(نمائندہ خصوصی)سندھ کے نگران وزیرِ داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز اور نگران وزیرِ اطلاعات محمد احمد شاہ نے آج سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں مشترکہ پریس کانفرنس منعقد کی۔اس موقع پر وزیر اطلاعات نے ابتدائی کلمات میں کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر سندھ کے نگران وزراء اپنے محکموں کی کارکردگی میڈیا کی وساطت سے عوام تک پہنچائیں۔اس موقع پر نگران وزیرِ داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہاکہ پہلی توجہ کراچی کے اسٹریٹ کرائم کو ختم کرنے اور شہر اور تعلیمی اداروں میں منشیات کی بندش پر ہے۔ صوبے کے داخلی اور خارجی راستوں پر اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے کاروائیاں جارہی ہیں۔غیر قانونی غیر ملکیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جن غیر ملکیوں کے پاس قانونی دستاویزات ہیں انہیں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سندھ سے ابتک 41 ہزار غیر قانونی غیر ملکی اپنے ملک جاچکے ہیں ۔ہماری کوشش ہے کہ جانے والوں کو مکمل احترام کے ساتھ بھیجا جائے تاکہ وہ یہاں سے اچھی یادیں کے کر جائیں ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایک لاکھ 47 ہزار افغان نیشنل اس وقت کارڈ ہولڈرز موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ایسے لوگ ہمارے ملک میں دہشت گردی میں بھی ملوث پائے گئے ہیں ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹ میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جاتے ہیں، ملزم کو اپنا وکیل کرنے کی اجازت ہوتی ہے اور فیصلے کے بعد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کا حق بھی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہم نے اپنے وطن سے دہشت گردی اور جرائم کا ہر صورت خاتمہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جان محمد مہر کے قاتل ہرصورت گرفتار ہوں گے اور کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا کہ پاکستان نے 30 سے 40 لاکھ افغانیوں کی برسوں مہمان نوازی کی ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے ہمارے شہریوں اور فوجی جوانوں کی شہادتیں ہوئی ہیں لیکن اب بہت ہوگیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رینجرز کی ضروریات کے مطابق مالیاتی مدد مہیا کرنے کی کوشش ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس کے بارے میں شکایات پر کارروائی بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں بہت اچھے افسران بھی ہیں اور پولیس کی شاندار خدمات بھی ریکارڈ پر ہیں۔سیف سٹی پر کئے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ کی اس بارے میں بڑی واضح ہدایات ہیں اور اس منصوبے پر کام جاری ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ غیر قانونی نادرا کارڈ بلاک کئے گئے ہیں اور ملوث عمال کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مچھر کالونی واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ کسی کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی تھریٹ کے حوالے سے ادارے الرٹ رہتے ہیں۔جیلوں میں قیدیوں کی سہولیات پر کام جاری ہے۔ ایک قیدی کی پینٹنگ 10 لاکھ میں فروخت ہوئی جس سے اس نے اپنی ماں کو عمرہ کرایا اس قیدی کی حوصلہ افزائی کے لئے اس کی ماں سے اس کو آرٹس کونسل میں پیرول پر بلوا کر ملوایا بھی گیا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جرائم کی شرح بڑھنے میں بیروزگاری بھی ایک سبب ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈالر اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے بھی انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں ۔پریس کانفرنس کے اختتام پر وزیرِ اطلاعات احمد شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت 8 فروری کو الیکشن کے تمام انتظامات کے لئے تیار ہے