اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تین اور شاہ محمود قریشی کی دو مقدمات میں ضمانتیں منظور کر لیں۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانتیں منظور کیں۔ پراسیکیوٹر راجہ نوید اور پی ٹی آئی وکلاءسردار مصروف، خالد یوسف عدالت پیش ہوئے۔ پراسیکیوٹرراجہ نوید نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی رہنماوں نے جان بوجھ کر احتجاج کروایا، بانی پی ٹی آئی نے عوام کو ورغلایا اور اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی رہنماوں کو غیر ضروری نرمی دی جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانتیں خارج کی جائیں۔ جج نے استفسار کیا کہ کیا شاہ محمود قریشی اور عمران خان موقع پر موجود تھے؟ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا شاہ محمود قریشی اور بانی پی ٹی آئی موقع پر موجود نہیں تھے۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے کہا عمران خان، شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں، دیگر شریک ملزمان کی ضمانتیں کنفرم ہو چکی ہیں۔ اے ٹی سی جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے 30، 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانتیں منظور کیں