مقبوضہ بیت المقدس(نیٹ نیوز ) فلسطینیوں نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی ہڑتال کی کال دے دی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق فلسطینی کارکنوں اور نچلی سطح کی تنظیموں نے غزہ پر اسرائیل کی جارحیت روکنے کا مطالبہ کرنے کے لیے عالمی ہڑتال کی کال دی ہے۔ہڑتال کی یہ کال نیشنل اینڈ اسلامک فورسز نامی تنظیم نے دی ہے جو بڑے فلسطینی دھڑوں پر مشتمل اتحاد ہے، تنظیم نے مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینیوں اور دنیا بھر کے حامیوں کو اس ہڑتال میں شرکت کرنے کی دعوت دی تاکہ مسلسل اسرائیلی حملوں کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کیا جا سکے۔اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ پوری دنیا اس ہڑتال میں شامل ہوگی، جو ایک وسیع بین الاقوامی تحریک کی طرح ہے جس میں بڑی با اثر شخصیات شامل ہیں، یہ تحریک غزہ میں کھلی نسل کشی، نسل کے خاتمے اور مغربی کنارے میں نوآبادیاتی آباد کاری کے خلاف کھڑی ہے۔اتحاد نے دنیا بھر کے لوگوں سے غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی زد میں آنے والی خواتین، بچوں اور بوڑھوں کے ساتھ یکجہتی کا پیغام بھیجنے کے لیے متحد ہونے کا مطالبہ کیا۔اتحاد کا کہنا تھا کہ غزہ میں اب تک تقریبا 18,000 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں 297 افراد شامل ہیں، اور صرف دو مہینوں میں 49,500 سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوئے۔