اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق سفیر ملیحہ لودھی نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری سلامتی کونسل کو خط لکھنے کا مشورہ دیتے ہوے کہا ہے کہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اٹھا یا جانا موجودہ وقت کا تقاضا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اٹھائیں، سلامتی کونسل کو بتایا جائے کہ ان کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی قانونی حیثیت پر بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے فرق نہیں پڑتا، بھارتی سپریم کورٹ جو مرضی کرے کشمیری عوام تیار نہیں تو بات آگے نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ فیصلے سے بھارت نے کوشش کی 4 سال پہلے کے فیصلے کو قانونی شکل دی جائے، ہمیں چاہیے انٹرنیشنل کمیونٹی کی اس معاملے پر توجہ دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی مہم کو دوبارہ چلانا چاہیے اور مختلف انٹرنیشنل فورمز پر اس معاملے پر آواز اٹھانی چاہیے۔