کراچی ( نمائندہ خصوصی) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ ہے کراچی میں سیف سٹی پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ جرائم پیشہ عناصر پر قابو پانے کیلئے پولیس نے پیٹرولنگ، ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ میں اضافہ کردیا جس کے مثبت نتائج مل رہے ہیں اور شہر میں امن و امان کی فضا بحال ہوئی۔ گزشتہ چند ماہ سے پولیس پر حملوں میں اضافہ ہوا، کئی فرض شناس اہلکار شہید ہوئے لیکن اس سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلمان اسلم سے پولیس ہیڈ آفس میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات اور مسائل بہت ہیں، جن کا مقابلہ پولیس، عوام اور بزنس کمیونٹی کو مل کر کرنا ہو گا۔ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ سی سی ٹی وی سے ہماری انویسٹی گیشن میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔ غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ پولیس اپنے فرائض جاں فشانی سے انجام دے رہی ہے ایسے میں عوام کا بھرپور تعاون درکار ہے۔
پولیس اور عوام کے درمیان فاصلوں کو دور کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں جس سے عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر سلمان اسلم نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی خاص طور پر کورنگی میں جرائم میں کمی ہوئی جس کا کریڈٹ آئی جی سندھ اور پولیس افسران کو جاتا ہے جنہوں نے فرائض انجام دینے کیلئے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالا۔ پولیس اہلکاروں نے بلاخوف و خطر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کردی۔ شہر میں پیٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ سے عوام میں تحفظ کا احساس بڑھا ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کیلئے فوری اقدامات کئے۔ سلمان اسلم نے فرائض کی انجام دہی پر جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کیا اور کہا کے قوم کے بہادر نوجوانوں کی قربانیوں کے باعث ہی عوام پر امن رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا کیونکہ وہ ہمارے ہیرو اور محسن ہیں۔ سلمان اسلم نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ وقت کی اہم ضرورت ہے، کمیونٹی پولیسنگ کا تصور پوری دنیا میں کامیابی سے امن و امان برقرار رکھے ہوئے ہے۔ صدر کاٹی نے آئی جی سندھ کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔