شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے بلاول کی باتوں کا جواب نہیں دینا چاہتے، بلاول کو ان کے والد سنجیدہ نہیں لیتے تو ہم کیوں لیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن آج بھی میثاق جمہوریت پر عمل کر رہی ہے، جب زرداری لب کشائی کریں گے تو پھر ہم بھی جواب دیں گے، بلاول کی باتوں کی تردید خود آصف زرداری کر دیتے ہیں، پیپلز پارٹی نے 15 سالہ اقتدار کے دوران سندھ کا بیڑا غرق کر دیا، الیکشن لڑنا ہے تو کارکردگی کی بنیاد پر لڑے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے، حساس تنصیبات پر حملے کرنے والی جماعت لیول پلیئنگ فیلڈ کا حق نہیں رکھتی، حساس تنصیبات پر حملے کرنے والی جماعت سیاسی نہیں دہشت گرد ہے، مسلم لیگ ن کو ابھی تک لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔جاوید لطیف کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی الیکشن میں تاخیر کا ابہام پیدا کر رہا ہے وہ پاکستان کا خیر خواہ نہیں، پنجاب بھر میں کسی جماعت سے اتحاد ہے نہ ہی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی، عوام نواز شریف کو پاکستان کی آخری امید سمجھ رہے ہیں، نواز شریف کو انصاف بہت سست روی سے مل رہا ہے۔