اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے انتخابی شیڈول سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔ الیکشن کمیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر وقتا فوقتا الیکشن کے حوالے سے جھوٹے بیانات جاری ہو رہے ہیں، اسی حوالے سےایک معروف اخبارکے صفحہ 10 پر چھپنے والا بیان بھی گمراہ کن ہے۔ترجمان ای سی پی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں دائر درخواستوں پر کوئی مشاورت نہیں کی گئی، ترجمان الیکشن کمیشن کے علاوہ الیکشن کمیشن سے کسی بھی منسوب بیان پر توجہ نہ دی جائے اور نہ ہی ایسے بیانات کو الیکشن کمیشن کا پالیسی بیان سمجھا جائے۔ پریس ریلیز میں ای سی پی کے ترجمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اس کی پر زور تردید کرتا ہے کیوں کہ الیکشن کمیشن نے ملک میں ہونے والے عام انتخابات کا شیڈول ابھی جاری نہیں کیا اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا شیڈول جعلی ہے۔