اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران حکومت نے بیرون ملک نوکریوں کے بڑھتے مواقع کے پیش نظر مزید 6 شہروں میں پروٹیکٹوریٹ آف امیگرنٹ دفاتر کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔ یہ فیصلہ معاون خصوصی برائے اوورسیز جواد سہراب ملک کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس کے تحت بیرون ملک نوکریوں کے بڑھتے مواقع کے پیش نظر نگران حکومت نے 2 اہم اقدامات کرتے ہوئے مزید 6 شہروں میں پروٹیکٹوریٹ آف امیگرنٹ دفاتر کھولنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ ساتھ ہی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کے اجرائ کے مقام سے ہی پروٹیکٹوریٹ بنوانے کی شرط بھی ختم کردی۔ان اقدامات سے اب بیرون ملک ملازمت کے لئے شہری ملک بھر کے کسی بھی پروٹیکٹوریٹ دفتر جا سکیں گے۔فیصلے کے تحت نئے دفاتر سکھر، ایبٹ آباد، گوادر، آزاد کشمیر،اسلام آبا د اور گلگت بلتستان میں بنیں گے جس کے بعد دفاتر کی مجموعی تعداد 15 ہوجائے گی ، اس سے قبل کراچی ، لاہور ، پشاور ، راولپنڈی ، کوئٹہ ، ملتان ، مالاکنڈ ، ڈی جی خان اور سیالکوٹ میں دفاتر موجود ہیں۔جواد سہراب ملک کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے ہیں۔