اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے سبب ہفتہ وار مہنگائی سالانہ بنیادوں پر بڑھ کر مسلسل چوتھے ہفتے 40 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی۔پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس)کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حساس قیمت انڈیکس (ایس پی آئی) سے پیمائش کردہ قلیل مدتی مہنگائی7 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سالانہ بنیادوں پر بڑھ کر 42.68 فیصد ہو گئی۔ جبکہ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں ہفتہ وار مہنگائی 1.16 فیصد بڑھی۔ واضح رہے کہ گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے سبب 16 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 4 ماہ میں پہلی بار ہفتہ وار مہنگائی سالانہ بنیادوں پر بڑھ کر 40 فیصد سے اوپر چلی گئی تھی، اس کے بعد 23 نومبر، 30 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سالانہ بنیادوں پر یہ اضافے کے بعد بالترتیب 41.13 فیصد اور 41.05 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔