اسلام آباد (پ ر) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے تلاش کی جارحانہ حکمت عملی کے نتیجے میں صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈو اللہ یار میں واقع درس ویسٹ کنواںنمبر 2 میں کامیابی سے گیس اور کنڈینسیٹ کے وسیع ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔ درس ویسٹ کنواںنمبر 2 جس میں او جی ڈی سی ایل کے پاس بطور آپریٹر 77.5% حصص کے ساتھ بطور آپریٹر اور جی ایچ پی ایل کے پاس 22.5% حصص ہیں۔ یہ کنواں، 2081 میٹر کی گہرائی تک کھود ا گیا، جس کے نتیجے میں تیل وگیس کی یہ بڑی دریافت ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق کنواںویسٹ نمبر 2 سے (8.51 ملین) 85 لاکھ سٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس اور 360 بیرل یومیہ خام تیل کی پیداوارحاصل ہوئی ہے۔ یہ متاثر کن نتائج ایکسپلوریٹری زون میں لوئر گرو سی سینڈ سے 1947 پاونڈ فی اسکوائر انچ (پی ایس آئی) کے ویل ہیڈ فلونگ پریشر پر 32/64” کے چوک سائز کے ذریعے حاصل کیے گئے۔او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی/سی ای او احمد حیات لک نے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ”یہ دریافت قومی توانائی کی سلامتی کے حصول کے لیے او جی ڈی سی ایل کے عزم کو واضح کرتی ہے۔ او جی ڈی سی ایل اختراعی حکمت عملیوں اور تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھانے کے اپنے عزم میں ثابت قدم ہے۔ یہ دریافت نہ صرف ہمارے ہائیڈرو کاربن کے ذخائر کو مضبوط بلکہ پاکستان کی توانائی اور اقتصادی خوشحالی میں بھی معاون ثابت ہوگی۔“مذکورہ کنواں کی کامیابی او جی ڈی سی ایل کی ایک جارحانہ تلاش کی حکمت عملی اور کمپنی کے اپنے ماہرین کی مہارت کے عزم کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ درس ویسٹ کنواںنمبر 2 کی دریافت نہ صرف او جی ڈی سی ایل کے ہائیڈرو کاربن کے ذخائر میں اضافہ کرتی ہے بلکہ ملک کے توانائی کے مجموعی وسائل میں بھی اضافے کا سبب بنے گی ۔ جس سے سالانہ تیل و گیس کی مد میں حکومتی اخراجات میں نمایاں کمی کا بھی سبب بنے گی اور ملک میں جاری گیس کے بحران کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔