اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)
موجودہ انتہائی سنگین معاشی بحران کی وجہ سے پاکستان اپنی تاریخ کے نازک ترین اور تشویش ناک دور سے گزررہاہے۔ آئی ایم ایف کی بدترین غلامی اور ان کی تمام ظالمانہ شرائط اور مطالبات پر بلا چوں وچرا عمل درآمد کی وجہ سے قوم کے احساس غلامی و بے بسی میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ حکومت کی طرف سے گزشتہ 20دنوں میں پٹرول کی قیمت میں 84روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 120روپے گیس کی قیمتوں میں 45فیصد اور بجلی کی قیمت میں 9روپے فی یونٹ کے اضافہ سے عام آدمی اپنے ہی حکمرانوں سے خوفزدہ ہوگیاہے۔ معیشت اس بند گلی تک پہنچ چکی ہے کہ جس سے نکلنے کاکوئی راستہ نظر نہیں آتا۔ حد یہ ہے کہ حکومت کے لیے تیل امپورٹ کرنے کے لیے ایل سی کھولنا بھی مشکل ہوگیاہے۔ ایف اے ٹی ایف نے تمام شرائط مکمل ہونے پر سوائے شاباش کے کچھ نہیں دیااور گرے لسٹ سے نکالنا ایک مرتبہ پھر ملتوی کردیاگیا ہے۔
ان حالات میں امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے حکومتی اقدامات پر تنقید کرنے اور اپنا حق احتجاج استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ پوری سنجیدگی کے ساتھ ملک کے نامور ترین ماہرین معیشت اور اصحاب فکر ونظر کو ایک قومی مشاورت میں جمع کیاہے تاکہ ملک کو موجودہ معاشی دلدل سے نکالنے کے لیے لائحہ عمل تیار کیاجاسکے۔ ملک کے ماہرین معیشت کے مشورہ سے تیار ہونے والے قومی معاشی چارٹر کے اہم نکات حسب ذیل ہیں:
قرضوں اور آئی ایم ایف کو الوداع:
• ملکی و غیرملکی قرضوں پر انحصار نے ملک کی معیشت کو کھوکھلا کردیا ہے۔ اس سال کا قومی بجٹ بھی 44366ارب روپے کے سرکاری اور 2470ارب روپے کے گردشی قرضہ کی وجہ سے3798ارب روپے کے خسارے کابجٹ ہے۔سخت ترین اور کڑی شرائط پر آئی ایم ایف کا پیکیج لیا گیاہے او ر قسط حاصل کرنے کے لئے بھی آئی ایم ایف سے جو معاہدہ ہواہے اس کی شرائط انتہائی سخت ہیں نیز اب مزید مطالبات کی فہرست سامنے آئی ہے۔ اس لیے ناگزیر ہے کہ ہم بحیثیت قوم خود انحصاری،خود کفالت، سادگی اور ملکی وسائل پر انحصار کا فیصلہ کریں اور پارلیمنٹ کے فیصلہ کے تحت بطور قومی پالیسی مستقل بنیادوں پر طے کردیاجائے کہ پاکستان آئندہ کبھی بھی آئی ایم ایف کاکوئی پیکیج نہیں لے گااور آئندہ ایساکرنے والی حکومت قومی مجرم قرار پائے گی۔
عوام پر بوجھ کی بجائے اشرافیہ کی مراعات کا خاتمہ:
• بالواسطہ ٹیکسوں کے ذریعے ہر بار عوام سے ہی قربانی لی جاتی ہے۔اب بھی عوام کے لیے پٹرول، ڈیزل،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کرکے ان پرناقابل برداشت مہنگائی مسلط کی گئی ہے۔اس مرتبہ قوم کامطالبہ ہے کہ سارا بوجھ اشرافیہ پر ڈالاجائے۔ تمام سول وملٹری بیوروکریسی،وزراء،پارلیمنٹیرین اور ججزکی بڑی بڑی سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر فی الفور پابندی عائد کی جائے۔ بطور پالیسی کردیا جائے کہ کسی کو بھی ذاتی استعمال کے لئے بطور مراعات ایک لیٹر پٹرول بھی مفت نہیں دیاجائے گانہ ہی بجلی و گیس کے مفت یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے برعکس غریبوں کے لیے انکم سپورٹ پروگرام، ہیلتھ کارڈ،موٹر سائیکل سواروں کے لیے رعایتی پٹرول وغیرہ کے لیے زیادہ فنڈز مختص کیے جائیں۔ ٹارگیٹڈ سبسڈی کے تحت ملک کے تمام غریب گھرانوں کو دس ہزار روپے ماہانہ کی مدد دی جائے۔
انتظامی مصارف میں کمی:
• اس وقت 100روپے ریونیو کے مقابلے میں 200روپے کے سرکاری اخراجات ہیں جو قطعاً ناقابل قبول ہیں۔ اس لیے فوری طور پر تمام غیر ترقیاتی اخراجات پر 30فیصد کٹ لگایاجائے۔ کنکرنٹ لسٹ کے خاتمے کے بعد صوبائی سبجیکٹ سے متعلق تمام وزارتیں اورڈویژن ختم کیے جائیں۔ دفاعی اداروں میں غیر جنگی اخراجات میں بھی 30فیصد کمی کی جائے۔ بیوروکریسی (سول و ملٹری) عدلیہ کے ریٹائرڈ افسران کی مراعات فی الفور نصف کی جائیں۔ بھاری مشاہروں پر کنٹریکٹ ملازمتیں ختم کی جائیں۔نیز ان 85اداروں کارپوریشنوں کے بارے میں جوکہ مسلسل خسارے پر چل رہی ہیں۔ اور جن پر ہر سال 500ارب روپے خرچ ہوتے ہیں۔ پارلیمنٹ کی مشاورت سے ٹھوس اور مستقل فیصلہ کیاجائے۔
اسلامی معیشت کا نفاذ۔ سودی معیشت کا خاتمہ:
• ملک میں حقیقی تبدیلی اسلامی نظام بالخصوص اسلامی نظام معیشت کے نفاذ کے ذریعہ ہوگی۔
• معیشت کو سود سے پاک کرنا انتہائی لازمی ہے۔ 26رمضان المبارک 1443ھ کے وفاقی شرعی عدالت کے تاریخی فیصلے کے بعد قوم حکومت سے توقع کرتی ہے کہ وہ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے تمام سودی قوانین ختم کرکے متبادل قانون سازی کا عمل مکمل کرے گی۔ اس سال کے بجٹ میں Debt servicesیعنی سود کے لئے 3980 ارب روپے رکھے گئے ہیں اس میں سے 85 فیصد سود اندرون ملک کمرشل بینکوں کا ہے جو بجٹ کا 41 فیصد ہے اس لئے لازم ہے کہ حکومت اندرون ملک قرضوں پر سودکا خاتمہ کرے اور قرضوں کو ایکٹویٹی اور مضاربہ میں تبدیل کرلے۔ تمام بنکنگ و نان بنکنگ سیکٹر اورمالیاتی معاہدوں اور ملکی و غیر ملکی قرضوں کو شریعت کے تقاضوں کے مطابق کیا جائے،ہاؤس بلڈنگ، زرعی و دیگر قرضوں پر سود معاف کیاجائے۔ حکومت اور سٹیٹ بنک کنونشنل بنکنگ کو بلاسود بنکنگ میں بدلنے کاروڈ میپ دے۔ ظاہر ہے کہ اللہ و رسول سے جنگ کرکے تو معیشت بحال نہیں ہوسکتی۔
نظام زکوٰۃ و عشر کانفاذ:
زکوٰۃو عشر ایک ایسا دینی فریضہ ہے جو معاشرے میں غربت کے خاتمے، یتامیٰ و بیوگان کی کفالت اورنیکی کے فروغ کا الہامی چارٹر ہے۔ اس کاپوٹینشل اتنا ہے کہ اگر 7کروڑ صاحبان نصاب سے مکمل زکوٰۃ و عشر لیا جائے تو ہر غریب گھرانے کو سالانہ اڑھائی لاکھ روپے دیئے جاسکتے ہیں۔ نظام زکوٰۃ و عشر کے صحیح نفاذ سے غربت کو مکمل طور پر ختم کیاجاسکتا ہے۔ پاکستان میں روزانہ40ارب روپے کے صدقات دئے جاتے ہیں اس لئے ہر علاقہ میں صدقات بنک قائم کئے جائیں تو غربت کے خاتمے میں بڑی مدد مل سکتی ہے
غیر ملکی قرضوں کے بوجھ سے نجات:
• پاکستان پر آئی ایم ایف، ورلڈبنک و دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے قرضوں کے بوجھ کو ختم کرنے کے لیے ارجنٹینا کی طرح Debt equity swapکاراستہ نکالا جاسکتا ہے۔ یعنی قرضوں کو لوکل کرنسی میں پاکستان میں ہی انویسٹمنٹ میں تبدیل کیاجائے۔ البتہ نفع کو فارن کرنسی میں منتقل کرنے کی سہولت ہو۔
• پاکستان سے لوٹی ہوئی بیرون ملک دولت کو واپس لانے کے لئے سنجیدہ کوشش کی جائے۔
• سکوک کے اجراء کی اسکیم جاری کی جائے۔
• اسی طرح بیرون ملک پاکستانیوں سے زر مبادلہ لینے کے لیے ہر شہر میں قیمتی سرکاری کمرشل اراضی کوزر مبادلہ میں ادائیگی کی شرط پر پرکشش قیمتوں پر فروخت کیاجائے۔ اس سے آئی ایم ایف کی قسط کے مطابق زرمبادلہ جمع ہوسکتا ہے۔
• اگر حکومت کی دیانت داری اور نیک نیتی پر قوم کو یقین ہو تو اندرون و بیرون ملک سے قرضہ اتار و مہم کے دوران کئی ارب ڈالر مل سکتے ہیں۔
خود انحصاری پروگرام:
• آئی ایم ایف سے نجات کے لیے جن ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ان میں مندرجہ ذیل انتہائی ضروری ہیں۔
• میکرو اکنامک پالیسی کے ذریعے بزنس اور سروسز سیکٹر کی بجائے زراعت اور صنعت کو ترجیح دی جائے۔
زرعی انقلاب: اس وقت ہم فوڈ آئٹمز درآمد کررہے ہیں۔ 30لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔ جبکہ خوردنی تیل، دالوں اور فوڈ آئٹمز پر 7ارب ڈالر خرچ ہو رہے ہیں۔ خوراک میں خود کفالت،تیز رفتار زرعی انقلاب کی ضرورت ہے۔ بنجر زمینوں کی آبادکاری، بہترین بیج کی فراہمی،کاشتکار کو سہولت اور تحقیقات وغیرہ کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار کو دوگناکرنے کے اہداف حاصل کیے جائیں۔ کپاس،گندم، دالوں، خوردنی تیل،گنا وغیرہ کی لازمی کاشت کے لیے قانون سازی کے ذریعہ زوننگ کی جائے نیز کسانوں کوفصلوں کی بہترین قیمت دی جائے۔
• تجارتی خسارہ میں کمی: اس سال تجارتی خسارہ 58فیصد اضافے کے ساتھ 43.3ارب ڈالر ہواہے۔ یعنی ہر 100ڈالر ایکسپورٹ کے مقابلے 220ڈالر کی امپورٹ ہے۔اس لیے فری ٹریڈ ایگریمنٹ (FDA) میں ایکسپورٹ کا اضافہ مدنظر رکھاجائے نیز FDIفارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ میں 50فیصد سے زائد نفع منتقل کرنے کی اجازت نہ ہو۔
• گزشتہ مالی سال کے گیارہ مہینوں میں 30ارب کی ایکسپورٹ کے مقابلے میں 75ارب امپورٹ ہوئی ہے۔ اس لیے تجارتی خسارہ میں کمی کے لیے درآمدات پر بعض پابندیاں لازمی کی جائیں مثلاً سامان تعیش کا سمیٹکس،فوڈبیوریجز، بلڈنگ و فرنیچر آئٹمز۔ پالتو جانوروں کی خوراک،شیمپو اور نان کمرشل مہنگی گاڑیوں وغیرہ کی درآمد پر مکمل پابندی ہونی چاہیے۔
• برآمدات میں اضافہ کے لیے نئے اکنامک و ٹیکس فری زونز بنائے جائیں۔