لاہور (ایجوکیشن رپورٹر ) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (GCU) کے مابین مفاہمتی یاداشت کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ ایم او یوکا مقصد دونوں تعلیمی اداروں کے مابین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اشتراک سمیت فیکلٹی اور سٹوڈنٹس ایکسچینج اور لائبریری ریسورسز کے تبادلے کو فروغ دینا ہے تا کہ دونوں ادارے مل کر درپیش چیلنجز کا بہترین حل تلاش کر سکیں۔ایم او یو کی تقریب میں ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد عدنان، رجسٹرار یو ایم ٹی سلیم عطا، ڈائریکٹر قیو ای سی آصف سعید حیدر، سجیل احمد، انجینئر آصف نذیر، چیف لائبریرئن یو ایم ٹی ظہیر احمد جبکہ جی سی یونیورسٹی سے انجینئر نور محمدشیخ، ڈائریکٹر ایکسٹرنل رلیشنز ڈاکٹر فوزیہ شاہین، چیف لائبریرئن جی سی یونیورسٹی محمد نعیم سمیت دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد عدنان نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یو ایم ٹی جیسے شاندار تعلیمی ادارے کے ساتھ مل تعلیم کو فروغ دینا ایک خوش آئیند بات ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یوایم ٹی کے ساتھ یہ معاہدہ صرف پیپرز کی حد تک نہیں بلکہ عملی طور پر سر انجام دیا جائے گا تاکہ تحقیق کو فروغ حاصل ہو سکے۔ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی سی یو نیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے کے ساتھ مل کر ملک و قوم کی خد مت کرنا باعث فخر ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں تعلیمی ادارے مل کر جدید تحقیق کے ذریعے ملکی مسائل کا حل تلاش کرنے میں قلیدی کردار ادا کریں گے۔ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا اور وائس چانسلز جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد عدنان نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ تقریب کے اختتام پر دونوں اداروں کے سربراہان نے سوینئرز کا تبادلہ بھی کیا۔