واشنگٹن (نیٹ نیوز) پاکستان کے لئے عالمی مالیاتی ادارے کے مشن کے سربراہ ناتھن پورٹر نے پاکستان کے ساتھ 3 بلین ڈالر کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ پر حالیہ سٹاف لیول معاہدے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کی پالیسیاں ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے اس کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔یہ بات انہوں ا مریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کی طرف سے پاکستان ہاﺅس میں انٹرنیشنل فنانشل انسٹی نیوشنز ( آئی ایف آئیز)،عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف)،انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن ( آئی ایف سی)،ورلڈ بینک (ڈبلیو بی) اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (ایم آئی جی ااے) کے نمائندوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران کہی۔ناتھن پورٹر نے امید ظاہر کی ہم اس بنیاد کے ساتھ ایک مضبوط، خوشحال اورپورے پاکستان کی تعمیر کے لیے اصلاحات کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے ملک میں مالیاتی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون اور پالیسیوں کو سراہا۔ اس موقع پر امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے آئی ایف آئیزکے 40 سے زائد عہدیداروں سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی حکومت ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے میں ثابت قدمی سے حمایت پر ان کی شکر گزار ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کے لیے مشکل تھا۔ ہم ایک تکلیف دہ تبدیلی سے گزر چکے ہیں اور استحکام کے ایک نئے مرحلے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ پاکستانی عوام ہمارا اعتماد ہیں۔ ہمارے پاس ایک بڑا متوسط طبقہ ہے اور ہماری افرادی قوت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایتھناسیوس اروانائٹس نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان میں انتخابات اصلاحات کا نیا آغاز کریں گے جن کی اس ملک کو اپنے ساختی ڈھانچے کے مسائل کو حل کرنے میں ضرورت ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن نوجوان پروفیشنلز کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے جو ملک کو روشن مستقبل کی طرف لے جانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی پروفیشنلز نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے جو پوری قوم کے لئے فخر کا باعث ہے۔آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بہادر بیجانی نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں مجموعی بہتری کو نوٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے۔ پاکستان خطے اور دنیا کے اہم ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ پاکستانی بہت زیادہ کے حق دار ہیں۔ مشیر آئی ایم ایف کے مشن سربراہ برائے برطانیہ، یورپین ڈیپارٹمنٹ سید علی عباس نے امید ظاہر کی کہ انتخابی عمل کے کامیاب تکمیل سے پاکستان طویل المدتی ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔ اس موقع پر ورلڈ بینک کے عہدیدارآفتاب قریشی اور آئی ایم ایف کی عہدیدار سدرہ رحمان نے بھی خطاب کیا اور پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔