اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہر قسم کی کوشش کی جارہی ہے بیلٹ پیپر پر بلے کا نشان نہ ہو، ہم نے آئین اور قانون کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کرائے ہیں، مجھے یقین ہے کہ بیلٹ ہوگا تو بلا بھی ہوگا۔ تفصیل کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے، اس موقع پر میڈیا سے مختصر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی بننے کے بعد پارٹی کے بانی چئیرمین سے دوسری ملاقات ہے‘۔اس موقع پر جب صحافی نے ان سے کہا کہ ’آپ کے انٹرا پارٹی الیکشن کو متنازعہ الیکشن کہا جارہا ہے، اس پر کیا کہیں گے؟‘ بیرسٹر گوہر خان نے جواب دیا کہ ’ہم نے مکمل آئین و قانون کے تحت صاف و شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کروائے ہیں، اس کے باوجود ہر قسم کی کوشش کی جارہی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو بلے کا نشان نہ ملے لیکن مجھے یقین ہے بیلٹ ہوگا تو بلا بھی ہوگا‘۔