اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کو انتخابی شیڈول روکنے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے ہیں کہ یہ معاملہ الیکشن کمیشن کا ہے۔ عدالت کا اس سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن شیڈول روکنے کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں، یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے اٹھائیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے الیکشن ایکٹ پڑھا ہے؟ ووٹر لسٹ بنانا اور اس کی سکروٹنی کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ کیا درخواست گزار نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے؟ وکیل درخواستگزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے۔ چیف جسٹس نے استفار کیا کہ الیکشن کمیشن کو دی گئی درخواست ریکارڈ کا حصہ کیوں نہیں بنایا؟ عدالت مناسب سمجھے گی تو الیکشن کمیشن کو جائزے کی ہدایت کردے گی۔ درخواست گزار کے وکیل نے دستاویزات جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایسا تو نہیں ہوسکتا کہ ہم پورے پاکستان کا ریکارڈ کھول کر بیٹھ جائیں۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔