اسلام آباد، ( نمائندہ خصوصی) پاک بحریہ کے جہاز تیمور کی کمشننگ تقریب کا انعقاد چین کے ہوڈونگ ژہنگوا شپ یارڈ میں ہوا۔ چین میں پاکستان نیوی مشن کے سربراہ کموڈور راشد محمود شیخ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پی این ایس تیمور پاکستان نیوی کے لیے تعمیر کیے جانے والے چار ٹائپ 054 فریگیٹس میں سے دوسراجہاز ہے۔ اس سے پہلے پی این ایس طغرل جنوری 2022 میں پاک بحریہ کے بحری بیڑے میں شامل ہو چکا ہے جبکہ اسی کلاس کے دو اور فریگیٹس اس وقت چین میں تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔
پی این ایس تیمور تکنیکی لحاظ سے ایک جدید اور انتہائی مؤثر جہاز ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے ہتھیار، سینسرز، حربی نظام اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم کے ساتھ ساتھ کثیرالجہتی خطرات کے ماحول میں لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ جہاز پاک بحریہ کی حربی استعداد کوتقویت دینے کے ساتھ ساتھ خطے اور بحری شعبے میں ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پی این ایس تیمورکی شمولیت سے ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کو مضبوط بنانے میں پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے چائنہ اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن (CSSC)، چائنہ شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی (CSTC)، چائنہ شپ ڈویلپمنٹ اینڈ ڈیزائن سینٹر (CSDDC)، ہوڈونگ ژہنگوا شپ یارڈ اور چینی بحریہ کی جانب سے جدید ہتھیاروں سے لیس فریگیٹ کی بروقت فراہمی کے لیے کی جانے والی مشترکہ کاوشوں کو بھی سراہا۔
بعد ازاں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ملٹری پراڈکٹ ڈپارٹمنٹ چائنہ نے اپنے خطاب میں اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور چین بدلتے ہوئے جغرافیائی اور سیاسی ماحول کا ادراک رکھتے ہیں اور اضافی ذمہ داریوں اور نئے چیلنجز سے مل کر نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی خطے میں امن و استحکام کا ستون ہے۔
تقریب میں چینی بحریہ کے اعلیٰ حکام، چئیر مین CSTC، چئیر مین ہوڈنگ ژنگوا شپ یارڈ اور چین میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔