نارووال( نیٹ نیوز )مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کے ہر فیصلے کا حصہ تھے۔نارووال میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری آخری وقت تک پی ڈی ایم حکومت کا حصہ اور ہر حکومتی فیصلے میں برابر کے شریک تھے۔انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا بلاول بھٹو کا جمہوری حق ہے، الیکشن کے لیے ہر جماعت اپنے کیس کو پیش کرتی ہے، ہلکی پھلکی تنقید کی موسیقی چلتی ہے، ہم بھی سنتے اور برداشت کرتے ہیں۔ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اس الیکشن میں وہی کامیاب ہو گا جو پاکستان کے عوام کا لاڈلہ ہوگا، نواز شریف اس لیے فیورٹ ہیں کہ انہوں نےماضی میں کچھ کر کے دکھایا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے ن لیگ کی واپسی ضروری ہے، آئندہ الیکشن میں عوام کا فیصلہ ہمارے حق میں ہوگا۔