اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کا چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفرکیس کی جمعہ کو سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت پیش نہیں کیاگیا جبکہ گزشتہ سماعت پر سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے ملزمان کی پیشی کے حوالے سے سیکیورٹی رپورٹ جمع کروائی تھی۔ تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ عدالت نے چیف کمشنر آفس اسلام آباد،اسپرٹنڈنٹ جیل کو جیل ٹرائل کے حوالے سے انتظامات کرنے کے لیے خط لکھا جبکہ وزارتِ قانون اور سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے خط کا جواب عدالت میں جمع کروا دیا۔ 28 نومبر کے آرڈر کے کی روشنی میں سایفرکیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہوگا۔ اسی لیے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالت پروڈکشن سے متعلق درخواست پر نوٹس جاری کیے جاتے ہیں ۔اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈائریکشن دی ہے کہ سایفرکیس کا ٹرائل 4 ہفتوں میں مکمل کرنا ہے۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی حاضری سے متعلق سماعت آج (ہفتہ کو ) اڈیالہ جیل میں 9 بجے مقرر کی ہے۔