پشاور (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کو نیا چیئرمین مل گیا ،خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے پشاور میں پنڈال سجایا گیا جس میں تمام عہدیداروں کا بلامقابلہ انتخاب کرلیا گیا، عمر ایوب مرکزی جنرل سیکرٹری ،علی امین گنڈا پور خیبر پختونخوا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد پنجاب کی صدر منتخب کرلی گئیں ۔حلیم عادل شیخ سندھ جبکہ منیر احمد بلوچ بلوچستان کے صدر چن لئے گئے۔انتخابات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلامقابلہ انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ فیصلہ خان نے کرنا ہے، ہمارے خلاف 180 کیسز بنائے گئے اور آج بھی آدھے سے زیادہ لیڈر انڈر گراونڈ ہیں عمران خان کے جانشین کی حیثیت سے یہ زمہ داریاں نبھاتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ اب عوام بیدار ہو چکی ہے جو ظلم کا راستہ روکے گی ہم نے ملک کو آگے لے کے جانا ہے آج ہمارا کوئی بڑا ایونٹ نہیں تھا صرف انتخابات کا اعلان تھایہ منصب عمران خان کی واپسی تھا میرے پاس امانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کل بھی چیئرمین تھے اور تاحیات رہیں گے عمران خان نے یہ انتخاب کرکے موروثی سیاست کا خاتمہ کیا عمران خان کو خاندانی سیاست کا آپشن دیا گیا تھا جسے مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام بھی بہت جلد مضبوط ہوگی اچھی سیکورٹی پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں بہت جلد عمران خان آکر حلف لینگے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی ائی کے ورکرز کو انتخابات کا انتظار ہے عوام کو کوئی شکست نہیں دے سکتا جس نے عوام کو شکست دینے کی کوشش کی وہ ناکام ہوا ہے پی ٹی ائی نے 27 سال جدوجہد کی جس دن انتخاب ہونگے سب کی ضمانتیں ضبط ہونگی۔انہوںنے کہا کہ ہمارے آئین کے مطابق الیکشن کی زمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے کل تک صرف عمران خان کے نامزد کردہ پینلز کے کاغذات جمع ہوئے تھے کل تک دیگر عہدیداروں کا اعلامیہ جاری کردیا جائے گاپیر کے دن انتخابات کے نتائج الیکشن کمیشن میں جمع کروائنگے پی ٹی آئی کا کسی سے تصادم کا کوئی ارادہ نہیںکیسز میں 300 پیشیاں ہوچکی ہیں ہم سے بلا روکنے کی کوشش کی گئی جس کی وجہ سے آج الیکشن کا انعقاد کیا گیا