کراچی(کامرس رپورٹر ) پاکستان کی معروف سماجی تنظیم امہ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے مرکزی دفتر آباد ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں مستحقین میں 15 رکشے اور 3/3 لاکھ روپے کے 24 چیکس تقسیم کیے گئے تاکہ وہ برسرروزگار ہوکر اپنے اہل خانہ کی کفالت کرسکیں۔اس موقع پر امہ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا ادریس،وائس چیئرمین عبدالرزاق باری،آباد کے چیئرمین آصف سم سم،سنیئر وائس چیئرمین ابراہیم ایس حبیب،وائس چیئرمین ذیشان صدیقی،آباد سدرن ریجن کے چیئرمین مصطفی شیخانی،حاجی حبیب اللہ،آباد کی سب کمیٹی کے کنوینر محمودتبہ اورآباد ممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر امہ ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا ادریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امہ ویلفیئر ٹرسٹ سال 2005 سے قدرتی آفات اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں خدمات انجام دے رہا ہے۔امہ ویلفیئر ٹرسٹ نے پاکستان میں سال 2005 میں ہونے والے زلزلے کے متاثرین اور زلزلے کی تباہ کاریوں سے یتیم ہونے والے بچوں کے لیے چلڈرن اکیڈمی قائم کی جس میں 8 سو بچوں کو مفت تعلیم،درسی کتب اور دیگر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔مولانا ادریس نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا بھی بڑی عبادت ہے۔ٹرسٹ کے تحت جو بھی امداد کی جاتی ہے وہ اللہ کی رضا کے لیے ہے۔ امت ویلفیئر ٹرسٹ تمام مسحتقین کو روزگار فراہم کررہی ہے تاکہ وہ خودمختار ہوکر اپنے اہل خانہ کی کفالت کرسکیں۔انھوں نے بتایا کہ ٹرسٹ نے کراچی میں سستا دستر خوان قائم کیا ہے جس میں 30 روپے میں مستحقین کی عزت نفس کو برقرار رکھتے ہوئے کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔ انھوں نے آباد ممبران اور تمام مخیر افراد سے اپیل کی کہ مجبور ولاچار افراد کی مدد کے لیے امہ ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ مالی معاونت کی جائے۔ اس موقع پر آباد کے چیئرمین آصف سم سم نے بہترین سماجی خدمات پر مولانا ادریس اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کی طرح آباد بھی اپنی سماجی ذمے داریاں ادا کررہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ آباد کے ممبران پاکستان میں سماجی بہبود کے کام کرنے والی تنظیموں کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔آصف سم سم نے کہا کہ آباد خواب دکھاتی نہیں بلکہ خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرتی ہے۔چیئرمین آباد نے کہا کہ آباد پاکستان کے تمام بلڈرز اور ڈیولپرز کی واحد نمائندہ جماعت ہے اور آباد کے ممبران پورے پاکستان کے چاروں صوبوں میں قانونی تعمیرات جاری رکھ کر نہ صرف کروڑوں افراد کو روزگار فراہم کررہے ہیں بلکہ ٹیکس ادائیگیاں کرکے ملکی معیشت کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کے متحرک ہونے سے 72 سے زیادہ دیگر صنعتوں کا پہیہ بھی چلنے لگتا ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو روزگار میسر آتا ہے۔آصف سم سم نے کہا کہ کسی بھی نامساعد حالات یا ان وامان کی خراب صورتحال میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شعبہ تعمیرات کا شعبہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبے کو مختلف رکاوٹوں کا سامنا رہتا ہے۔ تعمیراتی شعبے میں رکاوٹ پیدا کرنا لاکھوں افراد کو بے روزگار کرنے کے مترادف ہے۔انھوں نے چیئرمین ویلفیئر ٹرسٹ مولانا ادریس اور ان کی ٹیم کو آباد کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں آباد کے سینئر وائس چیئرمین ابراہیم حبیب،وائس چیئرمین ذیشان صدیقی نے بھی خطاب کیا جبکہ امہ ویلفیئر ٹرسٹ کے ٹرسٹی حاجی حبیب اللہ نے چلڈرن اکیڈمی،سستا دستخوان،سستا اسٹور اور دیگر سماجی کاموں کے بارے میں ڈاکیومنٹری فلم چلا کر تفیصلات سے شرکا کو آگاہی دی۔