اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ BISP پاکستان کا سب سے بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام ہے۔ بی آئی ایس پی زونل آفس جنوبی پنجاب اور ڈسٹرکٹ آفس ملتان کے دورے کے دوران، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے ضرورت مند خواتین کی فلاح و بہبود اور پروگرام کی پائیداری کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے ضرورت مند خواتین کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو ان کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عملے کو شفاف ادائیگیوں کو یقینی بنانے اور POS ایجنٹوں کے ساتھ بات چیت پر زور دیا۔ ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ دستیاب وسائل کے ساتھ ضرورت مند لوگوں کو سہولیات فراہم کریں۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے دفاتر میں صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے اور ضرورت مند خواتین کے ساتھ حسن سلوک اور ہمدردی کے ساتھ برتاؤ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔جامع مسجد ڈریم گارڈن ملتان میں بی آئی ایس پی کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے، ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے بی آ ئی ایس پی کیلئے 471 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے 93 لاکھ غریب خاندانوں کی مالی امداد کو محبت، ایثار اور بھائی چارے کا اظہار قرار دیا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے بی آئی ایس پی کو عوامی خدمت کے لیے ایک پائیدار پروگرام بنانے کے مقصد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غریب خاندانوں کی امداد بھیک نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔