کراچی(نمائندہ خصوصی) بچوں میں گردہ و مثانہ کے پیدائشی مسائل کی سرجری کے حوالے سےسندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن ( ایس آئی یو ٹی) میں چارروزہ کانفرنس اختتام پذیر ہوئی۔ اس کانفرنس کا اہتمام مشترکہ طور پر ایس آئی یو ٹی نے ایشیا پیسیفک کی ایک طبی تنظیم (اے پی اے پی یو) کے باہمی اشتراک سے کیا ہے۔ کانفرنس کےاختتامی روز پیڈیاٹرک یورولوجی کے مندوبین نے ایس آئی یو ٹی کی ان طبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جو اس نے بچوں کے گردہ و مثانہ کی یماریوں کے سلسلہ میں پیش قدمی کرتے ہوئے ایک شعبہ قائم کیا ۔ کانفرنس میں تقریباً تین سو پیڈیاٹرک یورولوجسٹ ، جن میں چالیس ممتاز بین الاقوامی ماہرین بھی شامل تھے۔کانفرنس کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ ابتدائی دو دن آپریشن تھیٹر سے براہ راست سرجری دکھانے کے لیے وقف کیے گئے تھے، جس کے بعد ماہرین سے سرجری کی جدید تکنیک پر اظہار خیال کیا ۔ کانفرنس کے باقی دو دن تحقیقی مقالوں پر مشتمل تھی جس میں ماہرین نے اپنے مقالے پیش کیے ۔ماہرین نے ترقی پذیر ممالک میں بچوں کی صحت کے کچھ اہم مسائل پیچیدہ بیماریوں کے باعث ہونے والی جسمانی معذوری اور اموات اور ان سے بچاوٗ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جن ممتاز سرجن نے سرجری کی جدید تکنیک پر نظامت کے فرائض سر انجام دیئے ان میں برطانیہ سے پروفیسر فلپ رینسلے، فرانس سے پروفیسر مارک ڈیوڈ لیکیئر، سوئٹزرلینڈ سے مازن زینو اور فرانس کے پروفیسر علی ٰالغنیمی شامل تھے ۔ ممتاز شہری حمید ہارون ایک عرصہ سے ایس آئی یو ٹی مختلف منصوبوں میں امداد کررہے ہیں۔کانفرنس کے دوسرے حصے میں ماہرین نے بچوں کے گردہ و مثانہ عام بیماریوں پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک میں بچوں کی شرح اموات کو کم کرنے اور بچوں کی ناقص نشوونما کے حوالے سے بات چیت کی۔ اورپاکستان میں بچوں کی خراب صحت کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ایک جامع نقطہ نظر کی ضرورت ، جس میں علاج اور روک تھام سب سے اہم ہے پر عمل کرنے کی تجویز دی ۔حمید ہارون نےاپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 45 فیصد بچوں کے لیے رہنے کے قابل ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ خاص طور پر دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جس کے باعث بچوں اور خواتین کی صحت پراس کے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔اس موقع پر ایس آئی یو ٹی شعبہ پیڈیاٹرک یورولوجی کے سر براہ پروفیسر ساجد سلطان نے اپنے شعبہ کی خدمات پر روشنی ڈالی۔مقررین نے ایس آئی یو ٹی کے بانی ڈائریکٹر پروفیسر ادیب رضوی کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے ادارے میں پیڈیاٹرک سرجری یونٹ قائم کرنے کے لیے بہت زیادہ محنت کی اور بہت سے سنگ میل طے کیے او رہنوز یہ سلسلہ کامیابی سے جاری ہے ۔ مقررین نے کہا کہ 30 سال کے سفر میں بچوں کا علاج ایس آئی یوٹی کے فلسفے بلا تفریق ذات، رنگ اور نسل کے تمام علاج مفت کیا جاتا ہے ۔