اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے 266 حلقے ہوں گے۔ملک بھر میں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں کے593 حلقے ہوں گے۔حتمی حلقہ بندیوں کے مطابق اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی 3 جنرل نشستیں ہوں گی، پنجاب میں قومی اسمبلی کی 141 اور صوبائی اسمبلی کی 297 جنرل نشستیں ہوں گی۔سندھ میں قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 جنرل نشستیں ہوں گی، خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کی 45 اور صوبائی اسمبلی کی 115 جنرل نشستیں ہوں گی، بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 جنرل نشستیں ہوں گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستیں ہوں گی اور 266 جنرل نشستوں کے ساتھ قومی اسمبلی کا ایوان 326 ارکان پر مشتمل ہوگا۔پنجاب سےقومی اسمبلی میں خواتین کی 32 مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں، سندھ سے قومی اسمبلی میں خواتین کی 14 مخصوص نشستیں ہیں۔اس کے علاوہ خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی میں خواتین کی10مخصوص نشستیں ہوں گی، قومی اسمبلی میں بلوچستان سے خواتین کی4 مخصوص نشستیں ہوں گی۔