نیویارک(نیٹ نیوز ) سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر 100 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اُن کی فرم ’ڈاکٹر کسنجر ایسوسی ایٹس‘ نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ ایک معزز امریکی اسکالر اور تجربہ کار شخصیت ہنری کسنجر آج کنیکٹی کٹ میں اپنے گھر میں انتقال کر گئے۔بیان میں کہا گیا کہ ہنری کسنجر کی آخری رسومات کے لیے ان کے اہل خانہ کی جانب سے نجی طور پر اہتمام کیا جائے گا، تا ہم انکی موت کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی ۔بعدازاں یادگاری تقریب نیویارک میں منعقد کی جائے گی۔سابق امریکی وزیر خارجہ کسنجر سن 1923میں جرمنی میں پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان 1938ء میں نازی دور حکومت میں ملک چھوڑ کر امریکہ چلا گیا تھا ہنری کسنجر 100 برس کی عمر میں آخری وقت تک انتہائی فعال رہے، وہ رواں برس جولائی میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے لیے چین گئے تھے۔چین کے ساتھ امریکا کے تعلقات ہنری کسنجر کی سب سے یادگار میراث میں سے ایک ہے، سوویت یونین کے خلاف سرد جنگ کے پیشِ نظر ہنری کسنجر خفیہ طور پر چین گئے تھے جس کا نتیجہ 1972 میں امریکی صدر رچرڈ نکسن کے تاریخی دورہ چین اور بعد ازاں چین کے ساتھ امریکی تعلقات کی بحالی کی صورت میں موجود تھا ۔ہنری کسنجر کی موت پر عالمی رہنماؤں کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے کہا کہ امریکہ نے”غیر ملکی معاملات پر سب سے زیادہ قابل اعتماد اور نمایاں آواز کو کھو دیا۔”نیویارک سٹی کے سابق میئر مائیکل بلوم برگ کا کہنا تھا، "کسنجر نے اپنی غیر معمولی زندگی کے دوران حاصل ہونے والی ذہانت کا بڑی فیاضی سے استعمال کیا۔” امریکہ میں چین کے سفیر نے کہا کہ انہیں کسنجر کی وفات کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔چینی سفیر ژی فینگ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر افسوس کا اظہار کیا ۔