کراچی( کرائم رپورٹر )صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں رینجرز کی تعیناتی کے حوالے سے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے صوبائی حکومت نے رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس فیصلے کی پیش نظر وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا ہے جس میں کل 9682 رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی اور وسائل کے ساتھ کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔خط میں واضح کیا گیا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سربراہی میں چیف سیکرٹری سندھ کے دفتر میں بلدیاتی انتخابات 2022 کے حوالے سے حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا جس دوران انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر وسائل کے ساتھ رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی کے لیے ایک جامع مطالبہ پر کام کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت نے خط میں درخواست کی ہے کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے صوبہ سندھ میں کارروائی اور تعیناتی کی جائے۔اس سے قبل الیکشن کمیشن سندھ نے بلدیاتی انتخابات میں رینجرز کی تعیناتی کے لیے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھا گیا ہے۔اس خط میں بتایا گیا کہ پولنگ کے دن تشدد اور تصادم کے ناخوشگوار واقعات کا خدشہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے صوبے کے کمشنرز نے بھی پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی کی درخواست کی ہے۔خط میں واضح کیا گیا ہے کہ پرامن انتخابات کے لیے رینجرز اور فوج کے جوانوں کی تعیناتی ضروری ہے۔