لاہور (نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہاہے کہ کسی کوعلم نہیں تھا تحریک انصاف تحریک تباہی بن جائے گی۔لیول پلیئنگ فیلڈ یہ ہے کہ نواز شریف اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہو رہے ہیں اور میں، انصاف کے لیے لاہور کی عدالت میں پیش ہوا، ہمیں عدلیہ کا بے حد احترام ہے اور ہمیشہ کیا ، ہم عدالتوں میں حاضری کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ نواز شریف سے لے کر پورے شریف خاندان نے جو صعوبتیں جھیلیں وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں، میاں نواز شریف کو ہتھکڑیاں لگوائی گئیں ، جیلیں کاٹیں، انہوں نے خود کو قانون کے سامنے پیش کر دیا ہے، نواز شریف کی مخالفت اور دشمنی میں بلوچستان کی حکومت بھی گرا دی گئی۔احتساب عدالت کے باہر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے آلہ کاروں کی سہولت کاری ملک دشمنی ہے، 9 مئی کو ایک سازش کی گئی، 9 مئی کو فوج میں تختہ الٹنے کی سازش کی گئی، غداری تو کوئی جمہوری حکومت بھی برداشت نہیں کرتی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ان شا اللہ انتخابی مہم میں اپنے منشور کا اعلان کریں گے، الیکشن بروقت ہونے چاہئیں، ہم پوری تیاری کے ساتھ انتخابی مہم میں داخل ہو رہے ہیں۔سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی مخالفت اور دشمنی میں بلوچستان کی حکومت بھی گرا دی گئی، ہماری حکومت گرا کر پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا گیا۔ احتساب عدالت کے طلب کرنے پر شہباز شریف رمضان شوگر مل ریفرنس میں عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ مجھے صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور گندے نالے کیس میں گرفتار کیا گیا، میں کیس کے میرٹ پر گفتگو نہیں کروں گا وہ میرا وکیل کرے گا، یہ مقدمہ بہت سال سے چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے پہلی بار صاف پانی میں بلوایا گیا اور گرفتار آشیانہ میں کیا، آشیانہ اقبال میں مجھے آپ کی عدالت نے انصاف دیا، اس کے بعد نیب نے مجھے گندے نالے کیس میں گرفتار کر لیا، مجھے کہا گیا کہ بیٹے کی شوگر مل کے باہر گندا نالا تعمیر کروایا ہے، یہ گندا نالا ایک ایم پی اے نے تعمیر کرایا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا میرے دور میں صاف پانی کے ہزاروں پروجیکٹ لگائے گئے، یہ مل ہماری وراثتی شوگر مل ہے وہ میں نے بیٹے کو ٹرانسفر کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا پنجاب میں میرے دور میں شوگر ملز کو سبسڈی نہیں دی گئی، میں نے سال 2014-15 میں سندھ سے قیمت زیادہ رکھی، اس وقت مجھ پر پریشر ڈالا گیا لیکن میں نے کسانوں کا نقصان نہیں ہونے دیا، میں نے کہا یتیم، بیواوں کا پیسہ ہے، شوگر ملز مالکان کیلئے سبسڈی نہیں دوں گا، میں نے کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچایا۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا اپنے دور حکومت میں جتنے بھی بیرون ملک کے دورے کیے اپنی جیب خرچ سے کیے، آج میں اس عدالت میں حاضر ہوا، آج ہی نواز شریف اسلام آباد کی عدالت میں انصاف کیلئے حاضر ہوں گے، عدالتیں ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا نواز شریف سے لے کر پورے شریف خاندان نے جو صعوبتیں جھیلیں وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں، نواز شریف کے سامنے مریم کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں، ہم نے جیلیں کاٹیں، نواز شریف نے جلاوطنی کاٹی اور اب پھر ملک میں واپس آئے ہیں، نواز شریف نے خود کو قانون کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا نواز شریف کی مخالفت اور دشمنی میں بلوچستان کی حکومت بھی گرا دی گئی، نواز شریف کی حکومت ختم کرکے ترقی کا سفر روکا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے آلہ کاروں کی سہولت کاری ملک دشمنی ہے، 9 مئی کو ایک سازش کی گئی، 9 مئی کو فوج میں بغاوت کی بھیانک سازش کی گئی، فوج میں تختہ الٹنے کی سازش کی گئی، غداری تو کوئی جمہوری حکومت بھی برداشت نہیں کرتی۔ ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا الیکشن بروقت ہونے چاہیئں، قانون اور جمہوری تقاضوں کی یہی منشا ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ یہی ہےکہ میں انصاف کیلئے لاہور کی عدالت میں پیش ہوا، لیول پلیئنگ فیلڈ یہ ہے کہ نوازشریف اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔ صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا ہم پوری تیاری کے ساتھ انتخابی مہم میں داخل ہو رہے ہیں، نواز شریف انتخابی مہم کے دوران منشور پیش کریں گے۔