اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر مملکت کی ایوان میں عدم موجودگی پر ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے شیخ روحیل اصغر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ بجٹ سے متعلق امور پر بحث کے دوران متعلقہ وزرا کو ایوان میں موجود ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بندہ بھی موجود نہیں جو ایچ ای سی سے متعلق معاملات کو نوٹ کرے،بجٹ اجلاس میں تمام محکموں کے افسران کو ایوان میں ہونا چاہیے۔ قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے کہا کہ وفاقی وزیر اور وزیر مملکت برائے خزانہ ایوان میں موجود نہیں ہیں، ہم بطور اپوزیشن اجلاس کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ متعلقہ حکام ایوان میں موجود ہیں۔ وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ بجٹ سیشن میں زیادہ تر تقاریر مالیات سے متعلق ہوتی ہیں، اس وقت بھی ایوان میں تین وزیر موجود ہیں، گیلری میں وزارت خزانہ کے 8 اہلکار ہیں، عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ وہ قائد حزب اختلاف کو منا کر ایوان میں لے آئیں گے۔ ڈپٹی اسپیکر نے وفاقی وزیر قادر پٹیل کو اپوزیشن لیڈر کو ایوان میں واپس لانے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں عبد القادر پٹیل اور آغا رفیق اللہ اپوزیشن لیڈر اور ایک رکن کو ایوان میں واپس لیکر آئے۔