کراچی(نمائندہ خصوصی)تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ نگران حکومتوں کی مثالی کارکردگی سے عوام خوش ہیں جس نے ڈالر کی قیمت پر قابو پا کر مہنگائی میں اضافے کو کامیابی سے کنٹرول کیا ہے۔ اسی طرح ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد سے بیرون ملک سے سرمایہ کاری کے معاہدے خوش آئند ہیں جس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لئے ضروری ہے ک الیکشن کا انعقاد شفاف ہونا چاہئے اور ایسا الیکشن ہی ملک کے وسیع ترین مفاد میں ہے جس کے نتائج تمام جماعتیں تسلیم کریں اور سیاسی استحکام قائم ہو جس سے ملک بہتری کی جانب جائے گا۔ معاشی استحکام کے لئے بہتر ہوگا کہ الیکشن کے بعد قومی حکومت بن جائے جو ون پوائنٹ ایجنڈے پر معاشی خوشحالی کے حصول پر یکسوئی سے 5 سال کام کرکے ملک کو معاشی طاقت بنادے۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کے بعد بھی ایپکس کمیٹی کا موجودہ طریقہ کار جاری رہنا چاہئے اور وہاں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائے جانے سے تمام شعبوں میں ملک بہتری کی جانب جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد اتفاق رائے سے پارلیمنٹ کرپشن پر سزائے موت کا قانون’ انتخابی و انتظامی نظام میں تبدیلی’ انتظامی صوبوں کا قیام اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے قانون سازی کرے ورنہ موجودہ نظام ملک کے مسائل میں اضافے کا سبب بنتا رہے گا۔