کراچی ( نمائندہ خصوصی)
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات2022ء کے چوتھے روز صبح اور شام کی شفٹوں میں سائنس گروپ کا فزکس پرچہ دوم، ہوم اکنامکس کا فوڈ اینڈ نیوٹریشن اور کامرس ریگولر و کامرس پرائیویٹ گروپس کے پرنسپل آف اکنامکس پرچہ لیے گئے۔چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین او ر ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے امتحانی مراکز کا دورہ کر کے امتحانی عمل کا جائزہ لیا اور مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے نائب ناظمین اسلم چوہان، زاہد رشید، آئی او سی زرینہ راشد اور سینئر پروفیسر فرزانہ خان کے ہمراہ دہلی گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کریم آباد، گورنمنٹ دہلی کالج حسین آباد، سپریئر بوائز سائنس کالج شاہ فیصل کالونی، خورشید گرلز کالج شاہ فیصل کالونی اور علامہ اقبال گرلز کالج شاہ فیصل کالونی کا دورہ کیا اور امتحانی عمل کے ساتھ طلباء کیلئے دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
چیئرمین انٹربورڈ نے خورشید گرلز کالج شاہ فیصل کالونی میں انتظامات کو سراہا۔ناظم امتحانات انٹربورڈ کراچی انور علیم خانزادہ نے پریمیئر گورنمنٹ کالج نمبر ایک بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد، گورنمنٹ اسلامیہ آرٹس اینڈ کامرس کالج نمبر ایک ایم اے جناح روڈ، گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج بفرزون 15-A/4 نزد سیون سی بس اسٹاپ، گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج بلاک K نارتھ ناظم آباد، گورنمنٹ ڈگری کالج بلاک ایم ناظم آباد، سینٹ جوزف کالج فار ویمن شاہراہ عراق صدر، گورنمنٹ ایس ایم آرٹس کالج، گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج ملیر کینٹ کا دورہ کر کے امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے امتحانی مراکز کے دورے کے دوران مجموعی طور پر 14طلباء کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔چیئرمین انٹربورڈ نے اس موقع پر امتحانی مراکز کے دورے کرنے والی ویجی لینس ٹیموں کی بھی تعریف کی۔ چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے طلباء کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرچہ شروع ہونے سے پندرہ منٹ قبل اپنے امتحانی مرکز پہنچ جائیں، صبح کی شفٹ میں 9بجے اور شام کی شفٹ میں 2بجے کے بعد امتحانی مرکز پہنچنے والے طلباء کو امتحانی کمرے میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔