اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ 93 لاکھ ضرورت مند خاندانوں کی خدمت کرنا ایک عبادت ہے، عثمانیہ مسجد مظفرآباد میں بی آئی ایس پی کے ملازمین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے ایک جامع حکمت عملی کا خاکہ پیش کیا جس کا مقصد بی آئی ایس پی کو غربت کے خلاف جنگ میں ایک مثالی ادارہ بنانا ہے۔ انہوں نے نے ضرورت مند خاندانوں کے بچوں کو تکنیکی مہارت کے شعبوں سے جوڑنے کی اہمیت پر زور دیا تا کہ انہیں روشن مستقبل کے لیے راہیں فراہم کی جا سکیں۔ بی آئی ایس پی کے ملازمین پر زور دیا کہ وہ ضرورت مند خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف فنڈ قائم کریں۔ مظفرآباد میں بی آئی ایس پی کے دفتر کے دورے کے دوران، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے ضرورت مند خواتین سے ذاتی طور پر ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے دفاتر میں صفائی کو برقرار رکھنے اور ضرورت مند خواتین کے ساتھ عزت کے ساتھ پیش آنے کی اہمیت پر زور دیا۔ زونل ڈائریکٹر سنٹرل زونل آفس بی آ ئیں ایس پی آزادکشمیر مظفرآباد ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی نے مظفرآباد ڈویژن کی پوری ٹیم کے ساتھ مظفرآباد میں چئیرپرسن ڈاکٹر امجد ثاقب کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد ثاقب نے سٹاف کو ہدایت کی کہ ضرورت مند خاندانوں کو بغیر کسی کٹوتی کے مکمل ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ شفافیت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، انہوں نے وظیفہ کی موثر اور شفاف تقسیم کے لیے POS ایجنٹس کے ساتھ بات چیت کا مشورہ دیا ۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے بی آئی ایس پی کے ملازمین پر زور دیا کہ وہ اجتماعی طور پر اس پروگرام کو ایک مثالی ادارہ بنائیں۔ انہوں نے ‘مواخات’ کے اصولوں کے مطابق، ہر ایک کو غریب خاندانوں کی فلاح و بہبود میں حصہ ڈالنے اور ہمدردی اور خدمت کی بنیادی اقدار کو برقرار رکھنے کی ترغیب دی۔بعد ازاں ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے آزادجموں و کشمیریوتھ سمٹ میں یوتھ انٹرپرینرشپ ، مائیکروفنانسنگ اور فنانشل انکلوثن پر پینل ڈسکشن میں بھی شرکت کی۔