لاڑکانہ ( رپورٹ محمد عاشق پٹھان) اقوام متحدہ کی تنظیم یو این وومن کی جانب سے آثار قدیمہ موئن جو دڑو پر خواتین پر تشدد کے خلاف اور سماجی مساوات کے فروغ کے لیے (کوئی جواز نہیں) کے نام جاری آگاہی مہم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا تفصیلات کے مطابق کوئی جواز نہیں کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں یو این وومن کی کنٹری ہیڈ سریلنکا نزاد شرمیلا رسول، کمیونیکیشن ہیڈ نبیلا مالک سمیت ڈاریکٹر موئن جو دڑو سید شاکر علی شاہ اور دیگر نے شرکت کی تقریب میں خواتین پر تشدد کے خلاف آگاہی کے لیے تھیٹر پرفارمنس کا انعقاد کیا گیا جس میں فنکاروں نے معاشرے میں خواتین کے استحصال کی عکاسی کی منعقدہ تقریب میں مختلف دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے گھریلو ہنر کی نمائش بھی کی گئی اس موقع پر کنٹری ہیڈ یو این وومن شرمیلا رسول اور نبیلا مالک سمیت ڈاریکٹر موئن جو دڑو سید شاکر علی شاہ کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں خواتین پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم جاری ہے دنیا بھر کے ممالک سمیت پاکستانی خواتین بھی گھریلو تشدد، جنسی استحصال اور معاشرتی تفریق کا شکار ہیں ایسے میں یو این وومن کی کوشش ہے کہ معاشرے میں عدم تحفظ اور تشدد کا شکار خواتین کی آواز اٹھائی جائے اور معاشرے کے اندر ایسے منفی رویوں کے خاتمے کے لیے شعور اجاگر کیا جائے اور یہ باور کروایا جائے کہ خواتین ہر شعبہ زندگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی نہ صرف صلاحیت اور قابلیت رکھتی ہیں بلکہ یہ انکا بنیادی حق بھی ہے تقریب میں مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ خواتین اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی.