کراچی(کرائم رپورٹر ) کراچی میں راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آگ لگنے کے سبب دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے11 افراد جاں بحق اور 22 افراد زخمی ہوگئے۔کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اب تک 11 افراد کے جاں بحق اور دیگر 22 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے اور کمشنر کراچی سے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمارت میں پھنسے ہوئے افراد کو جلد از جلد ریسکیو کرنے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ قبل ازیں پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک 9 لاشیں اسپتال لائی جا چکی ہیں، ان میں سے 8 لاشیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) اور ایک لاش سول ہسپتال میں لائی گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا تھا کہ 18 سال کا ایک زخمی نوجوان سول اسپتال میں زیر علاج ہے۔ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ضلع شرقی الطاف شیخ کی جانب سے وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق 22 افراد کو ریسکیو کر کے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے ایک شخص اسپتال منتقلی کے دوران ہی انتقال کرگیا۔ڈی سی نے مزید بتایا کہ چوتھے فلور تک عمارت کلیئر کی جا چکی ہے، پانچویں اور چھٹی منزل کلیئر کر رہے ہیں۔قبل ازیں، چھیپا ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد اور تشویش ناک حالت میں ریسکیو کیے گئے افراد کو چھیپا ایمبولینسز کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔فائر بریگیڈ کے عملے نے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے، کولنگ کا عمل جاری ہے، آگ صبح ساڑھے 6 بجے کے قریب لگی تھی، فائر بریگیڈ کے 8 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکلز اور واٹر باؤزر نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔عملے نے بتایا کہ ابھی بھی بلڈنگ میں چند افراد پھنسے ہونے کی اطلاع ہے، جس پر ریسکیو آپریشن جاری ہے، مکمل سرچ آپریشن ہونے تک پولیس اور ریسکیو عملہ موجود رہے گا۔ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ اب تک 45 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے، 10 افراد کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، مزید لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات پر آپریشن جاری ہے۔عمارت میں کال سینٹرز اور مارکیٹنگ کے دفاتر موجود ہیں جو رات بھر کھلے رہتے ہیں، تاحال آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کراچی میں شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے 6 افراد کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔نگراں وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے اور آگ پر مکمل طور پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کوشش کی جائے کہ زیادہ نقصان سے بچا جاسکے، لوگوں کے جان و مال کی ذمہ داری حکومت کی ہے، زخمیوں کو فوری طور طبی امداد فراہم کی جائے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بیان میں کہا کہ راشد منہاس روڈ پر عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے اور کمشنر کراچی سے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمارت میں پھنسے ہوئے افراد کو جلد از جلد ریسکیو کرنے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔