کراچی(نمائندہ خصوصی)مئیر کراچی وچیئرمین سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بیرسٹر مرتضی وہاب کی زیرصدارت اجلاس میں انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سب کے ساتھ مل کرکام کرنا چاہتے ہیں اس موقع پر ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نسیم الدین میرانی، ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسد اللہ خان اور پی ٹی آئی کی 30 یوسیز چیئرمین موجود تھے۔یوسیز چیئرمین نے اپنی اپنی یوسی میں موجود صفائی ستھرائی اور پانی اور سیوریج کے مسائل سے آگاہ کیا جس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مشینری اور عملے کی کمی کی وجہ سے مسائل درپیش ہیں۔مئیر کراچی نے تمام شرکاءکو یقین دہانی کرائی کہ انکے مسائل ترجیح بنیاد پر حل کئے جائیں گے۔ سولڈ ویسٹ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر علاقے کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کرے گی اس سلسلے میں متعلقہ افسران اور نجی کمپنیز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ گھر سے کچرا اٹھانے کے انتظامات یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ جہاں سیوریج کی لیکیجز کی وجہ سے صفائی کا کا م دشوار ہورہا ہے وہاں سالڈ ویسٹ اور واٹربورڈ کی انتظامیہ کوآرڈینیشن کرے اور مسائل فوری حل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹاون چیئرمین اور یوسی چیئرمین کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن بنائیں۔مئیر کراچی نے کہا کہ بالترتیب تمام علاقوں کے مسائل حل ہونگے اگلے اجلاس میں تمام چیئرمین کی متعلقہ یوسی کے افسران کے ساتھ کوآرڈینیشن میٹنگ ہوگی۔ اور جو مسائل پیش کئے گئے ہیں انکی رپورٹ پیش کی جائے گی۔