اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) ٹیکس ریونیو اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے آئی ایم ایف کا تکنیکی وفد آئندہ ہفتے پاکستان پہنچے گا۔ ذرائع ایف بی آر کے مطابق تکنیکی وفد ایف بی آر کیساتھ تقریبا ایک ہفتہ ٹیکس پالیسی پر مذاکرات کرے گا، ایف بی آر اور آئی ایم ایف تکنیکی وفد ٹیکس پالیسی میں ترامیم کیلئے اقدامات کریں گے، ٹیکس پالیسی میں ترامیم کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور زیادہ ریونیو اکٹھا کرنا ہو گا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریٹیلرز کیلئے اسکیم متعارف کرانے کا بنیادی ڈھانچہ بھی تکنیکی وفد کے ساتھ مل کر تیار کیا جائے گا جبکہ مزید 10 لاکھ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لا کر ٹیکس دہندگان کی تعداد 60 لاکھ تک پہنچائی جائے گی،تکنیکی وفد کیساتھ مل کر ٹیکس پالیسی میں جو ترامیم کی جائیں گی وہ آئندہ بجٹ میں نافذالعمل ہوں گی ٹیکس پالیسی اور انفورسمنٹ میں بہتری کیلئے تکنیکی وفد سے ایک ہفتہ تک مذاکرات جاری رہیں گے ۔