لاہور (نمائندہ خصوصی ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سموگ کا راج برقرار،شہر پر سموگ کی چادر تن گئی، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور جمعرات کے روز بھی دنیا بھر میں پہلے نمبر پر رہا، شہر کا اوسط ایئرکوالٹی انڈیکس 313 ریکارڈ کیا گیا، مال روڈ کا اے کیو آئی 617 اور عامر ٹاﺅن کا 385 ریکارڈ رہا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12 جبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب شہریوں نے ماسک سے متعلق حکومتی احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا ہے، فضائی آلودگی کے باعث شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔طبی ماہرین نے سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے ماسک کا استعمال یقینی بنانے اور غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کی تجویز دی ہے۔