کراچی(نمائندہ خصوصی) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈنسیم الدین میرانی کی زیر صدارت اجلاس میں ترکیہ کمپنی آئسسAYSiS نے بریفنگ میں بتایا کہ وہ دسمبر کے پہلے ہفتے سے ضلع جنوبی صدر زون سے صفائی ستھرائی کے کام کا آغاز کرے گی۔ اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ مائیکرومینجمنٹ کی طرز پر پلان مرتب دیں تاکہ صفائی کا کام زیادہ بہتر طریقے سے انجام دیا جاسکے اور جو چیلینجز ہمیں پچھلی کمپنی کے ساتھ رہے وہ اس بار نہ ہوں اور عوام کو شکایات کا موقع نہ ملے ہماری اولین ترجیح شہریوں کو ریلیف دینا ہے لہذا اس کے لئے موثرپلان بناناضروری ہے۔ کمپنی نے بریفنگ میں بتایا کہ انہوں نے صفائی کے لئے جوحکمت عملی مرتب دی ہے اس میں گھر سے کچرا لینے کو ترجیح پر رکھا ہے تاکہ کچرا علاقوں میں اور کچرا کنڈیوں تک بھی نہ پہنچے اس سلسلے میں وارڈوائز عملہ تعینات کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ کمپنی کچرا کنڈیوں کے خاتمے کو یقینی بنائے گی آپریشن بالترتیب ریسورسس آنے کے بعد تمام زونز میں شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایم اینڈ ای صابر شاہ،ڈپٹی ڈائریکٹر آفتاب سومرو، کمپنی کے ڈائریکٹرسید ضیاالدین، جنرل منیجر وراثت وارث، و دیگرموجود تھے۔ دیگر تفصیلات میں صدر زون کی 8یوسیز کے لئے 60 عدد مشینری اور 500 سے زائد عملہ مختص کیا جائے گا۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے امید کا اظہارکیا کہ نئی کمپنی اچھا کام انجام دے گی انہوں نے مزید ہدایات کی کہ عوامی آگاہی مہم کاآغاز کریں تاکہ لوگوں کو انکی زمہ داری کا بھی احساس ہو علاوہ ازیں انہوں نے کمپنی کو ہدایت کی کہ ایک الگ ٹیم تشکیل دیں جو صرف شہر کا گشت کرکے صورتحال کو مانیٹر کرے اورکچرا پھیلانے اور جلانے والے افراد کی نشاندہی کریں اور انکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائیں۔